جمعہ، 23 مئی، 2014

سب نشے میں نماز پڑھ رہے ہیں

سب نشے میں نماز پڑھ رہے ہیں

محمد آ صف ریاض
قرآن کی سورہ النساء میں بتا یا گیا ہے کہ " اے لوگوجو ایمان لائے ہو، جب تم نشے کی حالت میں ہو تو نماز کے قریب مت جائو حتی کہ تم جانو کہ تم کیا کہہ رہے ہو۔" )سورہ النسا 4:43ء)
نشے کی حالت میں انسان اپنےآپ میں نہیں رہتا، وہ نہیں جانتا کہ وہ کیا کہہ رہا ہے، اس لئے ایسی حالت میں اسے نماز کے قریب جا نے سے منع کیا گیا ہے۔ اب ذرا دنیا بھر کے مسلمانوں کی حالت پرغور کیجئے۔ مسلمانوں کا حال یہ ہے کہ وہ نماز پڑھتے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کہ وہ کیا پڑھ رہے ہیں۔ ان کی نماز نشے کی نماز معلوم پڑتی ہے۔ اب میں آپ کو یہاں چند مثالیں دوں گا۔
مثلاً ہم نے ایک امام صاحب کو خطبہ دیتے ہوئے سنا۔ وہ اکابرین اور بزرگان دین کو مولیٰ اور مشکل کشا بتا رہے تھے لیکن جب نماز پڑھانے کے لئے کھڑے ہوئے توانھوں نے قرآن کی یہ آیت تلاوت کی "اللہ مولاکم نعم المولیٰ ونعم النصیر" یعنی اللہ ہی تمہارا مولیٰ ہے اور وہ کیسا اچھا مولیٰ ہے اورکیسا اچھا مدد گار۔
نماز میں مولانا کی زبان سے یہ آیت سن کر مجھے ایسا لگا کہ وہ نشے میں ہیں۔ وہ نہیں جانتے کہ وہ کیا پڑھ رہے ہیں، کیوں کہ نماز سے جسٹ قبل وہ اکابرین اوربزرگان دین کو مولیٰ اورمشکل کشا بتا رہے تھے اور نماز میں جس آیت کی تلاوت کر رہے تھے اس میں بتا یا گیا تھا کہ اللہ مولیٰ اور مددگار ہے۔
اسی طرح ہم نے ایک صاحب کودیکھا کہ وہ جمعہ کی نماز کے بعد چندہ کرنے کے لئے کھڑے ہو گئے حالانکہ نماز میں امام نے یہ آیت تلاوت کی تھی: "فنتشرو وبتغو من فضل اللہ" یعنی نماز سے فارغ ہوجائو تو زمین پراللہ کا فضل تلاش کرنے کے لئے پھیل جائو۔
ایک صاحب نماز پڑھ کر نکلے اورزیادہ سے زیادہ مال بنانے پرچرچا کر نے لگے۔ ہم نے انھیں یاد دلا یا کہ امام نے نمازمیں یہ آیت تلاوت کی تھی: زیادتی کی چاہت نے تمہیں غافل کردیا، یہاں تک کہ تم قبرستان جا پہنچے"
( سورہ التکاثر 1-2
ایک باردہلی کی مسجد میں ہم نے دیکھا کہ نمازکے بعد اچانک لوگ آپس میں لڑنے لگےحالانکہ نمازمیں امام نے جس آیت کی تلاوت کی تھی وہ یہ تھی:
"جب تمہارا دوسروں کے ساتھ کچھ معاملہ پیش آجا ئے توتم اسے اللہ اوراس کے رسول کی طرف لوٹا دو"
مسلمانوں کی نماز کو دیکھئے تو معلوم ہوگا کہ ان میں کا ہرایک نشے میں نمازپڑھ رہا۔ کوئی نہیں جانتا کہ وہ کیا پڑھ رہا ہے، نہ ان کے مرد اور نہ ان کی عورتیں، نہ مدرسہ کے فارغ التحصیل اورنہ اسکول کے پڑھے لکھے۔ سب کی نماز نشے کی نماز معلوم پڑتی ہے عرب کی بھی اورغیرعرب کی بھی۔
حالانکہ قرآن پکار پکارکرکہہ رہا ہے کہ اے لوگو" نمازکے قریب مت جائو یہاں تک کہ تم جانوکہ تم کیا پڑھ رہے ہو۔"
)سورہ النسا 4:43ء)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں