بدھ، 22 جون، 2016

خدایا، مجھے ناخلف جانشینوں میں سے نہ بنانا اور مجھے شہوات دنیا سے بچانا


خدایا،  مجھے ناخلف جانشینوں میں سے نہ بنانا اورمجھے شہوات دنیا سے بچانا
محمد آصف ریاض
آج 21 جون 2016 ہے، اوررمضان کی 15 ویں تاریخ ۔ آج رات 3 بجے نیند ٹوٹی تو صوم کی نیت سے سحری کھالی۔ سحری کے بعد بسترپرلیٹ گیا۔ نیند آرہی تھی چنانچہ بسترپرلیٹا رہا۔ اسی درمیان قریب کی ایک مسجد سے اذان کی آوازآئی۔ موذن پکار رہا تھا حی علی الصلواۃ، آئو نماز کی طرف ، حی علی الفلاح آئو کامیابی کی طرف، الصلات خیرمن النوم، یعنی نمازنیند سے بہتر ہے۔
موذن کی پکار مسلسل کانوں میں گونج رہی تھی لیکن میرا دل چاہ رہا تھا کہ میں بسترسے نہ اٹھو ں اور نماز کو جانے دوں۔ مجھے نیند آرہی تھی اور دل سونا چاہ رہا تھا۔
میں بستر پربدستورپڑارہا، اسی درمیان قرآن کی سورہ مریم کی ایک آیت یاد آگئی۔ اس آیت میں حضرت اسماعیل اورحضرت ادریس کا ذکرہوا ہے اورانھیں نبی اور رسول بتا یا گیا ہے اوربتا یا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروالوں سے کہتے تھے کہ " نماز پڑھو اورزکاۃ دو۔"
"اورکتاب میں اسماعیل کا ذکرکرو، وہ وعدے کا سچا تھا اوررسول نبی تھا۔ وہ اپنے گھر والو سے کہتا تھا نماز پڑھو اور زکاۃ دو،وہ اپنے رب کے نزدیک پسندیدہ انسان تھا، اور کتاب میں ادریس کا ذکر کرو وہ ایک سچا انسان اورنبی تھا اوراسے ہم نے بلند مقام پراٹھا یا تھا۔" 19: 55 – 1957))
قرآن میں ان معززانبیا کی تعریف کے بعد بتا یا گیا ہے کہ " پھران کے بعد نا خلف لوگ ان کے جانشین ہوئے جنھوں نے نمازوں کو ضائع کیا اور خواہش نفس کی پیروی کی؛ توعنقریب وہ اپنے کئے کا مزا چکھیں گے۔" (19:59)
فَخَلَفَ مِن بَعْدِهِمْ خَلْفٌ أَضَاعُوا الصَّلَاةَ وَاتَّبَعُوا الشَّهَوَاتِ ۖ فَسَوْفَ يَلْقَوْنَ غَيًّا
قرآن کی یہ آیت کہ " پھران کے بعد نا خلف لوگ ان کے جانشین ہوئے جنھوں نے نمازوں کو ضائع کیا اور خواہش نفس کی پیروی کی؛ توعنقریب وہ اپنے کئے کا مزا چکھیں گے "۔  جب میرے ذہن میں یہ آیت آئی  تو میری آنکھیں کھل گئیں اورمیں اندر سے سہم گیا۔ یہ آیت ایک قسم کی خدائی وارننگ تھی۔ اس واضح خدائی وارننگ کے بعد میں نماز چھوڑنے کا تحمل نہیں کرسکا۔ میں سوچنے لگا کہ نماز نہ پڑھنا بلا شبہ ایک گناہ ہے لیکن نماز سے متعلق واضح خدائی احکام کے با وجود نماز کو ترک کردینا گویا گناہ کے اوپرسرکشی کا اضافہ ہے اورخدا گناہ کومعاف کردیتا ہے لیکن وہ سر کشی کو کبھی معاف نہیں کرتا۔
میں خاموشی سے بستر سے اٹھا اورمسجد کے لئے روانہ ہوگیا۔ نماز پڑھی اورنمازکے بعد خدا سے یہ دعا کی : خدایا، مجھے نا خلف جا نشینوں میں سے نہ بنا نا، اورمجھے شہوا ت دنیا سے بچانا۔

بدھ، 1 جون، 2016

پیغمبر ناصح ناکہ پیغمبر فاتح


پیغمبر ناصح ناکہ پیغمبر فاتح

محمد آصف ریاض

انجیل میں حضرت یحییٰ کی زبان سے ایک بشارت آئی ہے۔ وہ بشارت اس طرح ہے: "لوگو، میں تمہیں پانی سے پاک کرتا ہوں، لیکن وہ آنے والا آرہا ہے، وہ مجھ سے بہت زیادہ زورآور طاقت والا ہے، مجھ میں یہ سکت نہیں کہ میں اس کی جوتیاں بھی اٹھا سکوں، وہ جب آئے گا تو تمہیں 'آگ' سے پاک کرے گا۔"

“I baptize you with water for repentance, but he who is coming after me is mightier than I, whose sandals I am not worthy to carry. He will baptize you with the Holy Spirit and fire.

عیسائی حضرات اس بشارت کوحضرت عیسیٰ علیہ السلام سے منسوب کرتے ہیں جبکہ مسلم علما اسے پیغمبراسلام سے وابستہ کرکے دیکھتے ہیں۔
مسلم علما اس بشارت کے ذریعہ یہ دکھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ گویا پیغمبراسلام ایک 'آتشیں پیغمبر' تھے جنھوں نے آتے ہی دنیا کے نقشے کو بدل دیا اورقیصروکسریٰ کی دیواریں ہلاکررکھ دیں وغیرہ۔
ہمارے زیادہ ترعلما انجیل کی بشارت کو اسی انداز میں لیتے ہیں۔ وہ پیغمبراسلام کو' پیغمبرناصح' کی جگہ 'پیغمبر فاتح' Muhammad the conqueror )) بنا کرپیش کرتے ہیں۔ حالانکہ کوئی پیغمبرفاتح نہیں ہوتا وہ تو ناصح اورامین ہوتا ہے۔ چنانچہ خود ایک پیغمبرکی زبان سے قرآن میں یہ الفاظ آئے ہیں۔ "انا لکم ناصح امین" یعنی میں تمہارے لئے خیرخواہی چاہنے والا امانت دار ہوں۔
پیغمبرناصح ناکہ پیغمبرفاتح
پیغمبرناصح کو پیغمبرفاتح قراردینے کی وجہ سے مسلمانوں میں وہ سوچ پیدا ہوئی جس کے نتیجہ میں مسلم سماج میں جہادی ایکٹیوزم نے زورپکڑا۔ یہ سوچ مسلمانوں میں اٹھارہویں صدی میں اس وقت ابھری جبکہ 1799 میں بحرمتوسط  Mediterranean Sea ) ) میں مغربی طاقتوں نے ترکوں کے عظیم بحری بیڑہ naval fleet))  پرحملہ کرکے اسے مکمل طور پر تباہ کردیا۔ اور دوسری طرف اسی سال ہندوستان میں برٹش فوج نے سلطان ٹیپوکی فوج کو مکمل شکست دے دی۔ اس کے بعد برٹش جنرل نے فاتحانہ انداز میں یہ اعلان کیا کہ 'آج سے ہندوستان ہمارا ہے'۔
 Today India is ours))
اٹھارہویں اورانیسویں صدی میں یوروپی طاقتوں کے ہاتھوں یکے بعد دیگرے چوٹ کھانے کے بعد نام نہاد مسلم دانشوروں نے مسلم نوجوانوں کو یہ بتا نا شروع کردیا کہ انجیل میں پیغمبر اسلام کوfire  سے تعبیرکیا گیا ہے۔  اور فائر طاقت یعنی Might  کی علامت ہے۔ چنانچہ مسلمانوں کو پھرسے فتوحات کا سلسلہ شروع کرنا چاہئے، یہیں سے القائدہ، طالبان، داعش، حزب اللہ جیسی تخریبی طاقتیں ابھریں اورانھوں نے اسلام کی شبیہ کو پوری طرح مسخ کرکے رکھ دیا۔ انھوں نے مذہب امن کو مذہب فساد کےہم معنی بنا دیا۔
انجیل کی بشارت
اب آ ئیے، انجیل کی اس بشارت کی تعبیرکرتے ہیں۔ انجیل میں ' فائر'کا ذکرتمثیلی معنوں میں ہے۔ یہاں فائرکے معنی آگ نہیں ہے بلکہ کسوٹی ہے۔ آپ کسی سنارکے پاس جائیں اوراسے اپنا سونا دکھائیں وہ اس سونے کوآگ میں ڈال کر بتا دے گا کہ سونا کتنا خالص ہے اور اس میں کتنی ملاوٹ ہے۔ آگ خالص سونے کو ملاوٹ سے پاک کر دیتی ہے۔ وہ فضلہ کو جھاگ بنا کر اڑا دیتی ہے۔
تاریخ کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ تقریباً تمام نبیوں اوررسولوں کے ساتھ ایسا ہوا کہ لوگوں نے ان کے لائے ہوئے کلمات کے ساتھ اپنے کلمہ کو ملا دیا اورایک بات کو دوسری بات سے بدل دیا۔ یہ سلسلہ پوری تاریخ میں چلتا رہا، یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے پیغمبر اسلام کو برپا کیا اورانھیں ایک ایسی کسوٹی دی جوحق کو باطل سے چھانٹ کرالگ کر دینے والی تھی۔ اسی کسوٹی کو انجیل میں فائر یعنی آگ سے تعبیرکیا گیا " میں پانی سے پاک کرتا ہوں اور وہ آگ سے پاک کرے گا " اس کا مطلب یہ ہوا کہ تم میری لائی ہوئی کتاب میں ترمیم و تحریف کردیتے ہو لیکن دیکھو، وہ جو آنے والا آرہا ہے تم اس کے ساتھ ایسا نہیں کرسکو گے کیونکہ اس کے پاس ایک 'کسوٹی' ہوگی یعنی ایک ایسی کتاب جس کے ذریعہ سے وہ جھوٹ کو سچ سے الگ کر دے گا۔
وہ کسوٹی کیا ہے؟
وہ کسوٹی قرآن ہے۔ قرآن ایک ایسی کتاب ہے جوحق کو باطل سے الگ کرنے والی ہے۔ کوئی اس کتاب میں تحریف نہیں کرسکتا اور نہ کوئی اس پرآگے سے یا پیچھے سے آسکتا ہے۔ چنانچہ قرآن میں ہے:
"یہ بڑی باوقعت کتاب ہے ، جس کے پاس باطل پھٹک بھی نہیں سکتا نہ اس کے آگے سے نہ اس کے پیچھے سے، یہ ہے نازل کرده حکمتوں والے خوبیوں والے اللہ کی طرف سے"۔ (الفصلت: 41،42)
آگے فرمایا:  نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّکْرَ وَاِنَّا لَہُ لَحَافِظُونَ ہم نے ہی اس قرآن کو نازل کیا اور ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔
دوسری جگہ فرمایا:  وَقُلْ جَاءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ إِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوقًا
اورکہہ دو کہ حق آیا اور باطل مٹ گیا بے شک باطل مٹنے ہی والا تھا۔

آدمی اگر گہرا مطالعہ کرے اور تفکر سے کام لے تو اسے یہ بات سمجھنے میں دیر نہیں لگے گی کہ انجیل میں تمثیل کی زبان میں قرآن کو فائریعنی آگ کہا گیا اورآگ اس لئے کہا گیا کیوں کہ آگ ایک کسوٹی ہے جو چیزوں کو ملاوٹ سے پاک کر دیتی ہے اور قرآن بھی یہی کرتا ہے کہ وہ حق کو باطل سے الگ کردیتا ہے۔ تو واضح ہو ا کہ انجیل میں آگ کا ذکر پیغمبراسلام کے لئے نہیں ہے بلکہ وہ تمثیل کی زبان میں قرآن کے لئےاستعمال ہوا ہے۔ اور یہاں ہمارے علما سے تعبیر کی غلطی ہوئی ہے۔