خدا وند نے دیا تھا، خدا وند نے چھین لیا، خدا وند کا نام مبارک ہو
محمد آصف ریاض
تفسیر ابن کثیر میں قرآن کی سورہ بقرہ آیت نمبر 156 کے تحت کئی روایتیں در ج
ہیں۔ ان میں ابن ماجہ کی ایک روایت اس طرح ہے:
" حضرت ابو سنان فرماتے ہیں کہ
میں نے اپنے ایک بچے کو دفن کیا۔ ابھی میں اس کی قبر میں ہی تھاکہ ابو طلحہ خولائی
نے میرا ہاتھ پکڑ کر مجھے قبر سے نکالا اور کہا سنو ! میں تمہیں ایک خوشخبری
سنا ئوں ۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ اللہ تعالی ملک الموت سے دریافت
فرماتا ہےکہ تونے میرے بندے کی آنکھوں کی ٹھنڈک اور اس کے کلیجہ کا ٹکڑا چھین لیا
بتلا تو اس نے کیا کہا؟ وہ کہتے ہیں خدا یا تیری تعریف کی اور انا لللہ وانا الیہ
راجعون پڑھا۔ اللہ تعالی فرماتا ہے کہ اس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائو اور اس
کانام الحمد رکھو۔
خدا کا اتنا بڑا انعام صرف چند الفاظ کی ادائیگی پر نہیں مل جاتا۔ یہ انعام
کسی بندہ خدا کو اس وقت ملتا ہے جب کہ اس نے
زمین پر اپنی پوری زندگی خدائی سانچے میں ڈھال دی ہو۔ اس نے اس زمین پر اپنی زندگی اس طرح کی ہو کہ
اسے اس دنیا میں جو کچھ ملا اسے براہ راست خدا کی طرف سے ملنا سمجھا ہو اور جو کچھ
اس سے چھن گیا اسے خدا کی طرف سے چھن جا نا سمجھا۔ اس کا کنسرن خدا بن گیا ہو صرف
خدا۔ وہ اپنی روح اور اپنے قول فعل کے اعتبار سے قران کے اس بیان کی تفسیر بن گیا
ہو کہ_ "ہم
اللہ ہی کے ہیں اور اللہ ہی کی طرف ہمیں پلٹ کرجا ناہے"{2:156}
قرآن کا یہ بیان حضرت ایوب کی
اسپرٹ کو بتا تا ہے۔ حضرت ایوب کو خدا کی طرف سے آزمایا گیا۔ ان کا مال ان کی
اولاد اور یہاں تک کہ ان کا جسم ان سے چھن گیا۔ وہ بہت بے یارو مددگار پڑے رہے۔
لیکن ایسی حالت میں بھی آپ نے اپنے خدا کو نہیں چھوڑا۔ وہ مسلسل اپنے خدا کی
کبرایائی بیان کرتے رہے۔
قرآن میں آپ کی پکار کو اس طرح بیان کیا گیا ہے: " اور ایوب کی اس حالت
کو یاد کرو جبکہ اس نے اپنے پر وردگار کو پکاراکہ مجھے بیماری لگ گئی ہے اور تو
رحم کرنے والوں میں سب سے زیادہ رحم کرنے والا ہے۔" {21: 83 }
حضرت ایوب کے با رے میں بائبل میں ایک روایت اس طرح آئی ہے:
اس نے کہا: " میں اپنی ماں کے پیٹ سے ننگا ہی آیا تھا، اور میں یہاں سے
ننگا ہی جائوں گا۔ خدا نے دیا اور خدا نے چھین لیا، خدا کا نام مبارک ہو"
and said: "Naked I came from my mother's womb, and naked I will depart. The LORD gave and the LORD has taken away; may the name of the LORD be praised."{Job-1:21}
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں